حیدرآباد ۔ 3 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) ماریڈ پلی پولیس اسٹیشن کے قریب آج اُس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب مقامی نوجوان کو پولیس نے مبینہ طورپر ہراساں کیا جس کے نتیجہ میں اُس کی موت واقع ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ باسپا نامی نوجوان ساکن گاندھی نگر بستی ماریڈ پلی کو پولیس کی ٹیم نے ایک کیس میں تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا تھا اور اُسے مبینہ طورپر زدوکوب کیا جس کے نتیجے میں اُس کی موت واقع ہوگئی ۔ مقامی افراد نے پولیس اسٹیشن پر اچانک حملہ کردیا ، جس کے بعد وہاں پر حالات کشیدہ ہوگئے ۔ لیکن پولیس نے مقامی افراد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ کیس کے سلسلے میں باسپا کو پولیس اسٹیشن طلب کیا گیا تھا لیکن وہ نشہ میں دھت ہونے کے سبب اُسے پولیس اسٹیشن سے رہا کردیا گیا تھا ۔ پولیس کو نوجوان کی موت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ اس بات کا پتہ چلنے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر این کوٹی ریڈی ماریڈپلی پولیس اسٹیشن پہنچ کر وہاں کا معائنہ کیا اور برہم ہجوم کو منتشر کیا ۔