ماریا ۔ للت مودی ملاقات سے لاعلم : چوہان

ممبئی ۔22جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر پرتھیوی راج چوہان نے آج کہا کہ ممبئی پولیس کمشنر راکیش ماریا نے آئی پی ایل کے داغدار سابق سربراہ للت مودی نے گذشتہ سال لندن میں کی گئی اپنی ملاقات سے انہیں واقف نہیں کروایا تھا ۔ چوہان نے کہا کہ ’’ ماریا کے دورہ لندن اور وہاں للت مودی سے ان کی ملاقات سے میں باخبر نہیں ہوں ۔ اس قسم کے دوروں کوعموماً وزیر داخلہ منظور کرتے ہیں اور مجھے اس سے واقف نہیں کروایا گیا تھا‘‘۔ پرتھوی راج چوہان گذشتہ سال مہاراشٹرا کے چیف منسٹر تھے اور کانگریس کی حلیف جماعت این سی پی سے تعلق رکھنے والے آنجہانی آر آر پاٹل وزیر داخلہ تھے ۔ چوہان نے کہا کہ پاٹل نے بھی انہیں اس کی کوئی اطلاع نہیں تھی ۔ واضح رہے کہ راکیش ماریا کہ لندن میں للت مودی سے ملاقات کی اطلاع کے بعد چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے ممبئی پولیس کمشنر سے جواب طلب کیا ہے ۔اس دوران ممبئی پولیس کمشنر راکیش ماریا نے سابق آئی پی ایل کمشنر للت مودی سے ملاقات کے بارے میں تفصیلات پر مبنی رپورٹ حکومت مہاراشٹرا کو پیش کردی ہے۔ چیف منسٹر دیویند رفرنویس نے کل تمام تفصیلات طلب کی تھیں۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ کے بی بخشی نے بتایا کہ ماریا نے اس مسئلہ پر اپنا موقف واضح کردیا ہے۔