مارش ٹسٹ کرکٹ کیلئے آئی پی ایل سے دستبردار

میلبورن۔2 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے ابھرتے ہوئے آل رائونڈر مچل مارش نے ٹسٹ کیریئر اور اپنی ٹیم کے لئے آئی پی ایل سے دستبرداری کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پرتھ اور میلبورن میں انگلینڈ کے خلاف اپنی ٹیم کے لئے بیٹنگ اور بولنگ سے مفید ثابت ہونے والے 26 سالہ کرکٹر اگر سڈنی میں بھی ایسے ہی کھیل گئے تو انکے لئے کروڑوں روپے کا معاہدہ بے معنی ہوگا۔ 23 ٹسٹ کھیلنے والے بیٹسمین مچل مارش نے اس سال کائونٹی کرکٹ میں جانے اور انگلینڈ میں سابق آسٹریلیائی بیٹنگ کوچ مائیکل ڈی وینوٹو سے بیٹنگ ٹریننگ لینے کا فیصلہ کیا ہے جو سرے کے لئے کام کر رہے ہیں۔
مچل مارش نے 2016 کے آئی پی ایل کے لئے رائزنگ پونے سے 5 کروڑ روپے میں معاہدہ کیا تھا۔ مارش کے بموجب میرے لئے ٹسٹ کرکٹ اور آسٹریلیا زیادہ اہم ہے، اسکے لئے آئی پی ایل اور رقم چاہے جتنی بھی بڑی ہو چھوڑی جاسکتی ہے۔