ملک و بیرون ملک درجنوں کارہائے نمایاں کے باوجود سرکاری سطح پر پذیرائی اور حوصلہ افزائی سے محروم
حیدرآباد ۔ 28ستمبر (سیاست نیوز) ماسٹر کنگ فو و مارشل آرٹس کے میدان میں ملک اور اقطاع عالم میں اپنی کڑی محنت ‘ صلاحیتوں کے ذریعہ مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کرنے والے ماسٹر جمیل خان پٹھان اسپورٹس زمرہ کے تحت سرکاری ملازمت کے خواہاں ہیں ۔ جمیل خان نے حکومت ہند اور حکومت تلنگانہ سے اس بات کا مطالبہ کیا کہ وہ ان کی اس میدان میں کی جانے والی صلاحیت ‘ محنت اور مشقت و ملک اور بین الاقویامی سطح پر مقابلوں میں امتیازی کامیابیوں ‘ ایوارڈس اور میڈلس کو مدنظر رکھتے ہوئے جس طرح ریاست کے دیگر کھلاڑیوں کو سرکاری ملازمت و امکنہ کی تعمیر و اراضی و دیگر مراعات دے رہی ہے ‘ دی جائے ۔ ممتاز کراٹے کھلاڑی جمیل خان پٹھان آج پریس کلب بشیر باغ میں اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ تلگو بک آف ریکارڈس میں میری محنت اور جستجو کی بناء نام درج ہے جس سے حکومت واقف ہے اور وہ اس بات سے بھی واقف ہے کہ مجھے بین الاقوامی سطح پر 19گولڈ میڈلس ‘14سلور اور 21برونز میڈلس کنگ فو اور مارشل آرٹس میں اور قومی سطح پر 25گولڈ میڈلس اور 12سلور میڈلس حاصل ہوئے ہیں جو میرے اور ملک کے لئے وقار ‘ عزت کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اس کے باوجود مرکزی اور ریاستی حکومت کا معاملہ میرے ساتھ دوہری پالیسی کا ہے جب کہ بیرونی ممالک میں مجھے ایک مایہ ناز کک باکسنگ اور ماہر کنگفو کی حیثیت سے جانا جاتا ہے ۔ میری اس صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکہ نے مجھے ورک پرمٹ جاری کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اگر حکومت ہند اولمپک گیمس میں مجھے ہندوستان سے موقع نہ دے گی تو میں کسی بھی بیرونی ملک سے اولمپک مقابلہ میں حصہ لوں گا ۔