حیدرآباد۔26فبروری(سیاست نیوز) مادنا پیٹ منڈی میں برقی شاک کے سبب لگی آگ میںتقریبا پچیس چھوٹی دوکانیں جل گئی جس میں کھیتی باڑی سے جڑے لوگ ترکار ی فروخت کرتے ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے ساتھ ہی حیدرآباد زرعی مارکٹ کمیٹی چیرمن محترمہ شاہین افروز کمیٹی کے دیگر رفقاء کے ہمراہ مادنا پیٹ منڈی پہنچ کر معائنہ کیااور متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی ۔بعدازاں میڈیاسے بات کرتے ہوئے محترمہ شاہین افروز نے کہاکہ ابتدائی تحقیقات کے بعد ملی اطلاعات سے پتہ چلتا ہے کہ برقی شاک کی وجہہ سے آگ لگی ہے جس میں چھوٹے کاروباریوں کی دوکانوں کو نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ آگ کی وجہہ سے سائبان کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کی وجہہ سے مذکورہ کاروباریوں کو چلچلاتی دھوپ میںبیٹھ کر ترکاری فروخت کرناپڑرہا ہے ۔ متعلقہ وزیرسے اس ضمن میںبات کرتے ہوئے نئے سائبان کی عاجلانہ تعمیر کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ آگ لگنے کے دیگر اسباب بھی تلاش کئے جارہے ہیں۔ عنقریب شہر حیدرآباد کی تمام ترکاری ‘ میوہ اور عام اشیاء کی منڈیوں کوعصری بنانے کے اقدامات اٹھائیں جائیں گے ۔ اس موقع پر نائب صدر حیدرآباد زرعی کمیٹی شریمتی سایہ بھونیشوری ‘ راجکمار اور دیگر بھی شامل تھے۔