کڑپہ ۔ 12 ۔ مارچ ( ذریعہ ڈاک ) کڑپہ کے ڈی ای او مسٹر پرتاب ریڈی نے کہا کہ ماہرین تعلیم کا خیال ہے کہ بچوں کو ان کی مادری زبان میں ہی تعلیم دی جائے جس کے نتیجہ میں اچھے اور بہترین نتائج اخذ ہوسکتے ہیں ۔ مادری زبانوں کی ترقی و تحفظ عوام اور حکومتوں کی ذمہ داری ہے ۔ آندھراپردیش میں دوسری سرکاری زبان اردو ہے ۔ اردو کی اہمیت کو اساتذہ اجاگر کریں ۔ مادری زبان سے محبت ہو ۔ دوسری زبانوں کا بھی احترام کریں ۔ رائلسیما اردو رائٹرس فیڈریشن کی زیرنگرانی کڑپہ میونسپل کارپوریشن کی سطح کے تمام اردو میڈیم ہائی اسکولس میں ’’ مادری زبان اور ہماری ذمہ داریاں ‘‘ کے عنوان پر تقریری مقابلے منعقد کئے گئے ۔ جس میں اول انعام شگفتہ آفرین 9 ویں جماعت کی طالبہ گرلز ہائی اسکول ، دوم انعام بھی اسی اسکول کی 8 ویں جماعت کی طالبہ شیخ عائشہ اور انعام سوم 9 ویں جماعت کی طالبہ بوائز اسکول سے غوثیہ تبسم کو اور ترغیبی انعام نقاش ہائی اسکول کی طالبہ حلیمہ انجم کو ملا ۔ ڈی ای او کے ہاتھوں سے توصیف نامے ، مومنٹو پیش کئے گئے ۔ رائلسیما اردو رائٹرس کے معتمد عمومی ستار فیضی مہمان اعزازی ڈسٹرکل مائناریٹی آفسر قادر باشاہ نے بھی جلسہ سے خطاب کیا ۔ اسکول ہیڈ مِس فیڈریشن کے خازن سید شکیل احمد نے بھی خطاب کیا اور مادری زبان کی ترقی میں حصہ لینے کا عہدہ بھی کروایا گیا ۔