مادری زبان میں تعلیم سے قابلیت میں اضافہ

محبوب نگر /24 فروری ( ذریعہ ای میل ) عالمی یوم مادری زبان کے موقع پر این ٹی آر گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین محبوب نگر میں جلسہ اور محفل شعر کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس موقع پر دانشوروں اور اساتذہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مادری زبان کی اہمیت مسلمہ ہے کیونکہ مادری زبان میں ماہر شخص دوسری کسی زبان میں بھی آسانی سے مہارت حاصل کرسکتا ہے ۔ ماں کی گود بچے کا پہلا مدرسہ ہوتا ہے اور وہ اپنی مادری زبان میں مافی الضمیر بخوبی ادا کرسکتا ہے لیکن افسوس کے آج کا تعلیمی معیار انحطاط پذیر ہوگیا ہے ۔ اکثر طلباء نہ تو مادری زبان ہی میں ماہر ہوتے ہیں اور نہ ہی دوسری زبانوں پر عبور رکھتے ہیں ۔ اسی لئے ابتدائی تعلیم یقینی طور پر مادری زبان میں دی جانی چاہئے ۔ اس موقع پر محفل شعر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا تاکہ طالبات کو اردو شعر و ادب میں بھی دلچسپی پیدا ہو ۔ حیدرآباد سے خاص طور سے مدعو کئے شعراء وحید پاشاہ قادری ڈاکٹر معین امر بمبو ، تسنیم جوہر ، یوسف الدین یوسف ، لطیف الدین لطیف اور ڈاکٹر معید جاوید کے علاوہ مقامی شعراء حلیم بابر ، نور آفاقی ، رشید رہبر ، قیوم یاور نے اپنی مزاحیہ و سنجیدہ کلام کے ذریعہ خوب داد و تحسین حاصل کیا ۔ مشاعرہ کی نظامت ڈاکٹر جاوید کمال نے کی ۔ ابتداء میں ڈاکٹر حمیرہ سعید ، صدر شعبہ اردو کالج ہذا نے خیرمقدمی تقریر کی اور شرکاء و شعراء کا تعارف کروایا ۔ جلسہ و مشاعرہ کی صدارت ڈاکٹر بی بی زینب پرنسپل کالج نے کی اور ڈاکٹر معید جاوید صدر شعبہ اردو جامعہ عثمانیہ نے بحیثیت مہمان اعزازی شرکتکی ۔ تمام مہمانوں اور شعراء کی گلپوشی و شال پوشی کی گئی ۔ اکیڈیمک کوآرڈینیٹر جناب رشید ، ڈاکٹر عزیز سہیل ، یوسف بابا اور طالبات کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھے ۔ محترمہ سمیہ ثناء لکچرر معاشیات نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ کالج انتظامیہ کی طرف سے مہمانوں کیلئے ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔