مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے پر زور

سدی پیٹ ۔ 17 مارچ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سدی پیٹ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام گورنمنٹ ہائی اسکول اردو میڈیم ناصر پورہ سدی پیٹ میں بانی سدی پیٹ فاؤنڈیشن غلام دستگیر کی زیر صدارت بعنوان ’’ ہم ہوں گے کامیاب‘‘ جلسہ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس سی اردو میڈیم طلبہ میں امتحانی کٹ اور بیاگس کی تقسیم عمل میں آئی ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے گورنمنٹ ہائی اسکول اردو میڈیم ناصر پورہ کے سابق طالب علم ڈاکٹر صلاح الدین نے شرکت کی ۔ اعزیزی مہمان گزیٹیڈ ماسٹر مسٹر بھاسکر ‘ گرلز ہائی اسکول گزیٹیڈ صدر معلمہ شریمتی ٹی کرشنا کماری ‘ محمد حبیب الدین موظف مدرس اسکول ہذا اور لکچرار محترمہ عارفہ رخسانہ نے شرکت کی ۔ اس موقع پر کنوینر سدی پیٹ فاؤنڈیشن علیم الدین سجو نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ جلسہ کی کارروائی اسکول اسسٹنٹ اکبر نے چلائی ۔ جلسہ کا آغاز قرآن کلام پاک سے ہوا ۔ نعت شریف شاہد صوفیائی نے پیش کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر صلاح الدین نے سدی پیٹ فاؤنڈیشن کے اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امتحانات سے پہلے طلبہ میں امتحانی کیٹس کی تقسیم ان کیلئے کافی اہمیت رکھتی ہے ۔ اس کے علاوہ طلبہ میں حوصلہ اور ہمت افزائی کو فروغ حاصل ہوتا ہے ۔ بعد ازاںمہمان خصوصی کے ہاتھوں طلبہ میں امتحانی کیٹس کی تقسیم عمل میںآئی ۔ گرلز اسکول صدر معلمہ عارفہ رخسانہ نے بھی خطاب کیا ۔ شکریہ سالار نے ادا کیا ۔ مہمانوں کی شال پوشی اور مومنٹو سے نوازا گیا ۔ فیاض احمد اسکول اسسٹنٹ ‘ وحید اللہ شریف اسکولی اسسٹنٹ ‘رضوانہ شہناز گرلز اسکول موجود تھے ۔