کریم نگر میں منعقدہ ریالی سے کلکٹر نیتو پرساد کا خطاب
کریم نگر ۔ 25 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پلاسٹک کے استعمال کو ترک کر کے ماحول کا تحفظ کریں اس نعرے کو لازمی طور پر عمل پیرا ہو کر آنے والی نسلوں کیلئے بہتر مستقبل کیلئے راہ ہموار کرنے ضلع کلکٹر نیتو پرساد نے اظہار خیال کیا ۔ چہارشنبہ کو مقامی کمان چوراستہ کے پاس جیوتیشمتی تعلیمی ادارے کے زیراہتمام منعقدہ ریالی کو کلکٹر نے افتتاح کیا ۔ اس موقع پر کلکٹر نے کہا پالیتھن کی پیداوار سے ماحول میں کئی ایک قسم کے نقصانات ہورہے ہیں ۔ اس کے استعمال کو ہر ایک ترک کریں ۔ پلاسٹک کور کے استعمال کی جگہ پر کاغذ یا کپڑے کی تھیلیاں استعمال کریں ۔ پلاسٹک کی اشیاء زمین میں یا مٹی میں گُھل جانے یا گل جانے کیلئے ہزاروں سال کا وقت لگ جاتا ہے ۔ اور برسات کا پانی زمین میں جذب ہونے کے درمیان میں یہ حائل ہوجاتاہے ۔ جس سے قحط کے حالات سرزد ہوتے ہیں اور زمین کی زرخیزی میں بھی کمی ہوگی ۔ اس سے کئی ایک آفات اور انسانی زندگی کیلئے نقصانات ہیں ۔ شہر میں موریوں میں پالیتھین کور جمع ہو کر کچرہ وہیں پر جمع ہو کر صفائی کے مسائل درپیش ہورہے ہیں جس سے کئی ایک بیماریاں پھیل رہی ہیں ۔ پلاسٹک کی روک تھام کیلئے ہر ایک فرد کو اپنی جانب سے سعی کرنے کی ضرورت ہے اور اس کو اپنی ذمہ داری سمجھنے پر زور دیا ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے پالیتھین کے استعمال کی مخالفت اور اس کی روک تھام کے پمفلٹس ، سماج کی فلاح و بہبودی میں ہم سب کی ذمہ داری نامی پوسٹر کی رسم اجراء انجام دی ۔ اس پروگرام میں اساتذہ ، طلباء و دیگر نے شرکت کی ۔