نرمل میں ہریتا ہارم پروگرام، ایم ایل سی فاروق حسین کا خطاب
نرمل ۔ یکم اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور آلودگی سے پاک کرنے کیلئے شجرکاری بہت ضروری ہے ، ہر شہری کو چاہئیے کہ وہ پودوں کی نگہداشت کریں ۔ آئیے اپنے علاقوں میں شجرکاری کے ذریعہ سسرسبز و شاداب بنانے کیلئے حکومت بڑے پیمانے پر ہریتا ہرم پروگرام منعقد کررہی ہے اور یہ بات بھی خوش آئندہ ہے کہ ہر علاقہ میں تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے عوام بلالحاظ مذہب و ملت اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے چندرا شیکھر راؤ کے اقدامات کی ستائش کررہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے نرمل کے مشہور دینی ادارہ مدرسہ روضۃ العلوم میں شجرکاری کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ مسٹر فاروق حسین نے مدرسہ کے ذمہ داروں و علماء حضرات سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام طبقات کی یکساں ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے ۔ سماج میں علماء کرام کا بہت اہم کردار ہوتا ہے بلکہ ستارے آسمان کی زینت ہیں تو علماء کرام زمین کی زینت بن کر نسل نو کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتے ہوئے جو خدمات آپ لوگ انجام دے رہے ہیں وہ قابل قدر اقدام ہے ۔ اس لئے کہ علم انبیاء کی میراث ہے اور علماء اس کے وارث ہوتے ہیں ۔ محمد فاروق حسین نے حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو روزگار سے منسلک ہونے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے لئے ریاستی وزیر اعلیٰ کے چندرا شیکھر راؤ ہمیشہ فکر مند رہتے ہیں ۔ وہ چاہتے ہیں کہ سماج کا ہر طبقہ ترقی کی سمت جائے ۔ ان کے خواب کو پورا کرنے کے لئے تمام طبقات کا تعاون بھی ضروری ہے ۔ محمد فاروق حسین نے تمام طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ صاف صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے تعلیمی میدان میں بھی سبقت لے جائیں تاکہ اپنے خاندان اور اپنے علاقہ کا نام روشن ہو اس لئے کہ تعلیم یافتہ نسل میں تہذیب یافتہ معاشرہ کی تشکیل کی ضامن ہوتی ہے ۔ مدرسہ روضۃ العلوم کے انتظامیہ کی جانب سے محمد فاروق حسین ایم ایل سی، شیخ احمد ضیاء او ایس ڈی چیرمین کی شال پوشی اور گلپوشی کی گئی ۔ اس موقع پر فاریسٹ رینج آفیسر خواجہ ہدایت علی بن سکندر نائب اقلیتی سیل ریاست تلنگانہ محمد آصف الدین ، منصور علی اور دیگر موجود تھے ۔ بعد ازاں محمد فاروق حسین نے ایک اور دینی درسگاہ اوراسکولس میں ہریتا ہرم پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے شجرکاری انجام دی ۔