ماحور شہزاد ہندوستانی کھلاڑی سے جوڑی بنانے کی خواہاں

لاہور۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کی نمبر ایک بیڈمنٹن کھلاڑی ماحور شہزاد نے کہا ہے کہ اگر بیڈمنٹن کے انٹر نیشنل ڈبلز مقابلوں میں جوڑی بنانے کا موقع ملا تو ہندوستانی کھلاڑی پہلی ترجیح ہوں گے کیونکہ ہندوستان اس کھیل میں ہم سے بہت آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی اپنے بیڈ منٹن کھلاڑیوں کوہندوستان میں تربیت کا موقع دینا چاہئے۔پاکستانی پلیئرزکو ٹریننگ کے ساتھ ٹورنمنٹس میں بھی شرکت کیلئے ہندوستان بھجوایا جائے تو بہت فائدہ ہوگا۔ ماحور نے کہا کہ اپنی ورلڈ رینکنگ بہتربنانا اور اولمپکس 2020ء کیلئے کوالیفائی کرنا میرا بڑا ہدف ہے۔

محمدآصف بہترین بولر:آملہ
کیپ ٹاؤن۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کے اوپنر ہاشم آملہ نے اپنے بین الاقوامی کیرئیر میں محمد آصف کو سب سے بہترین بولرقرار دیتے ہوئے انہیں ‘گیندکا جادوگر’ کہا۔آملہ سے جب پوچھا گیا توانہوں نے اپنے کیرئیر میں اب تک کس بولرکو خطرناک پایا جس پر آملہ نے محمد آصف کا نام لیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ اسپاٹ فکسنگ کی وجہ سے ان پر پابندی عائد کردی گئی تھی لیکن اس وقت وہ سب سے اچھے بولر تھے جن کا میں نے کبھی سامنا کیا تھا۔