ماب لنچنگ کا گھناؤنا کھیل اب دہلی پہنچا 

نئی دہلی : ہجومی تشدد کا سلسلہ اب راجدھانی دہلی تک پہنچ گیا ہے ۔ محض چوری کے الزام میں ایک نابالغ لڑکے کو اس قدر زد و کوب کیا گیا ہے کہ اس کی موت ہوگئی ۔ چوری کا الزام لگا نے والوں میں اتنا جنون تھا کہ صرف ۱۶؍ سالہ لڑکے کو اس وقت تک مارتے رہے جب تک وہ مر نہیں گیا پھر اسے اٹھا کر گلی کے باہر سڑک پر پھینک دیا ۔اس واقعہ کے چار گھنٹے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی ۔

لڑکے کے گھر والوں کا دعوی ہے کہ بہار سے محض چند روز قبل ہی دہلی آنے والا مدرسہ کاطالب علم بھلا کیوں چوری کرے گا ۔

فی الحال پولیس کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ تین لوگوں کی تلاش جاری ہے ۔پولیس کے مطابق مکند پور کا رہنے والا محمد شاہد جو پیشہ سے پلمبر ہے ۔ اس کا چھوٹا بھائی اپنے گاؤں بہار سے دہلی آیاتھا ۔شاہد کو اپنے مقتول بھائی کی نعش گھر کے پیچھے والی گلی میں پڑی ہوئی ملی ۔

اس کے جسم پر بری طرح پیٹے جانے والے نشانات موجود تھے ۔پولیس نے ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔