ملبورن ۔28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے ورلڈ کپ فائنل کے بعد ون ڈے کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے۔33 سالہ کلارک نے یہ اعلان آج ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں فائنل سے قبل ہونے والی کپتان کی روایتی پریس کانفرنس میں کیا۔اس موقع پرکلارک نے کہا ہے کہ یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ اپنے ونڈے کریئر کا اختتام کر دیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ اس فیصلے کا بنیادی مقصد ٹسٹ کریئر کو طول دینا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ وہ مزید کچھ عرصہ ٹسٹ کرکٹ میں اپنے ملک کی خدمت کرسکتے ہیں۔مائیکل کلارک نے کہا کہ وہ اس موقع پر قطعاً جذباتی نہیں ہیں بلکہ ورلڈ کپ فائنل پر ان کی توجہ مرکوز ہے جو ان کی ٹیم کے لئے بڑا اہم موقع ہے اور انہیں یقین ہے کہ آسٹریلیائی ٹیم اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کھیلتے ہوئے عالمی چیمپئن بن سکتی ہے۔کلارک نے کہا کہ ٹیم کی قیادت ان کے لئے اعزاز ہے وہ خوش قسمت رہے کہ انہیں اپنے ملک کے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا۔کلارک نے کہا کہ انھوں نے ورلڈ کپ کی پہلی گیند کے ساتھ ہی آسٹریلیائی ٹیم سے بے پناہ توقعات وابستہ کرلی گئی تھیں اور انہیں یقین ہے کہ میزبان ٹیم ذہنی اور جسمانی طور پر فائنل کے لئے تیار ہے۔کلارک نے 244 ون ڈے مقابلوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 8 سنچریوں اور57 نصف سنچریوں کی مدد سے7907 رنز بنائے اورانہوں نے 73 ونڈے مقابلوں میں ٹیم کی قیادت کی جن میں ٹیم کو49 فتوحات حاصل ہوئی ہیں۔کلارک 2007 ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلیائی ٹیم میں بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ کلارک 2011 کے ورلڈ کپ کی ٹیم کا بھی حصہ تھے جسے کوارٹرفائنل میں ہندوستان کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔