مائیکل کلارک فٹ ہوگئے، ورلڈکپ میں قیادت کیلئے پرعزم

برسبین۔5فبروری(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نیعضلات میں جکڑن کی تکلیف سے مکمل صحت حاصل کرکے نیٹ پریکٹس شروع کردی ہے اور وہ ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کیلئے پرعزم اور اس مرتبہ کچھ مختلف کرنا چاہتے ہیں۔ کلارک نے نیٹ میں کرکٹ بیٹ کی بجائے بیس بال کا بیٹ سنبھالا اور بولرز کا سامنا کرتے رہے۔ دریں اثنا کوچ ڈیرن لیمین نے کہا ہے کہ مائیکل کلارک تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں اور کوئی شبہ نہیں کہ وہ ٹورنمنٹ میں قیادت کریں گے۔ان کی آسٹریلیا میں وزیر اعظم کے بعد ملک کی اہم ترین ذمہ داری ہے۔ ڈیرن لیمین نے کہا کہ مائیکل کلارک کی فٹنس کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، ہم سب کی خواہش ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کریں اس لئے انہیں مکمل طور پر تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مائیکل کلارک نے گریڈ کرکٹ کھیلی ہے اور وہ کافی بہتر دکھائی دے رہے ہیں، اب وہ برسبین میں بنگلہ دیش کے خلاف بورڈ الیون کی جانب سے کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس میچ میں بھی ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا۔ ٹیم کی قیادت کے حوالے سے انہوں نے تمام تر افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا کہ مائیکل کلارک ہی ورلڈ کپ میں کپتان ہوں گے، اگر کسی وجہ سے وہ نہیں کھیل سکتے تو جارج بیلی یہ ذمہ داری نبھائیں گے۔ کوچ نے مزید کہا کہ گزشتہ 12 ماہ سے ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی، اس عرصے میں ہم نے 23 میں سے 19 میچوں میں فتح حاصل کی ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیائی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 14 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔