زیورخ ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جرمن فارمولا ون کار ریس ڈرائیور مائیکل شوماکر مسلسل بے ہوشی کے عالم میں اور زیر علاج ہیں لیکن ان کی میڈیکل رپورٹس چوری کرنے والا مبینہ ملزم زیورخ کی جیل میں مردہ پایا گیا ہے۔ مقامی پولیس کی جانب سے اس کا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملزم اپنے سیل میں لٹکا ہوا پایا گیا ہے۔ واقعہ کے اسباب جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ شوماکر کی اہلیہ اور بچوں نے اس پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ برس فرانس میں اسکیٹنگ کرتے ہوئے 45 سالہ شوماکر حادثے کا شکار ہوکر زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہیں فرانس سے سوئٹزرلینڈ منتقل کرنے کے دوران ہیلی کاپٹر سے طبی ریکارڈ چوری ہوگیا تھا جسے بعد میں انٹرنیٹ کے ذریعہ میڈیا کو 67 ہزار ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کیا گیاتھا۔
کریم بینزیما کے رئیل میڈرڈ سے معاہدے میں توسیع
میڈرڈ ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) فرانس کی فٹبال ٹیم کے اسٹرائیکر کریم بینزیما نے رئیل میڈرڈ سے اپنے معاہدے کو2019تک توسیع دے دی ہے ۔ ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کے مطابق مشہور فٹبالر کریم بینزیما نے 2018-19 تک معاہدے میں توسیع کے لیے رضامندی ظاہر کرلی ہے۔ کریم بینزیما کا معاہدہ جون2015میں ختم ہونا تھا تاہم انھوں نے پہلے ہی معاہدے میں توسیع کرلی ہے۔ بینزیما 2009میں فرنچ کلب لیون سے رئیل میڈرڈ میں شامل ہوئے تھے۔بینزیما نے ابھی تک 235میچوں میں رئیل میڈرڈکی نمائندگی کی اور 111گول کئے ہیں۔ بینزیما نے رئیل میڈرڈ کو حالیہ چمپیئنس لیگ ،اسپینش لیگ اور دو مرتبہ کوپا ڈیل رے چمپیئن شپ جیتنے میں اہم کردارادا کیا۔26سالہ بینزیما نے فرانس کی جانب سے 71 مقابلوں میں 24گولس کئے ہیں۔