مائیکرو سافٹ کے شریک بانی پال ایلن انتقال کرگئے ۔ 

واشنگٹن : سافٹ ویئر بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ’’ مائکرو سافٹ ‘‘کے شریک بانی پال ایلن انتقال کرگئے ہیں ۔ ان کی عمر ۶۵؍ برس تھی ۔ایلن کا انتقال ان کے آبائی شہر سیاٹل میں سرطان کی وجہ سے ہوا ۔ وہ پچھلے کچھ برسو ں سے اس مرض میں مبتلاء تھے ۔ پال ایلن بل گیٹس کے بچپن کے دوست تھے ۔ پال ایلن نے ہی ہارورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کررہے بل گیٹس کو یونیورسٹی ترک کے کمپیو ٹنگ کے کاروبار میں آنے پر آمادہ کیا تھا ۔

پال ایلن کے اصرا ر پر بل گیٹس نے تعلیم کو خیرباد کہہ دیا تھا ۔ بعد ازاں دونوں نے 1975ء میں ’’ مائیکرو سافٹ ‘‘ کی بنیاد رکھی تھی ۔ جس کا نام بھی ایلن کا تجویز کردہ تھا ۔ پال ایلن کمپنی کے قیام کے ابتدائی آٹھ سال تک اس کے ٹیکنیک کے انچارج رہے تھے ۔ایلن 1983 ء بل گیٹس کے ساتھ اختلافا ت کی وجہ سے مائیکرو سافٹ چھوڑدی لیکن انہوں نے کمپنی میں حصہ داری برقرار رکھی تھی ۔ امریکی جریدہ فوربز کے مطابق پال ایلن کی دولت کا تخمینہ الٹوبر 2018ء میں ۲۲؍ ارب ڈالر تھا ۔ اوراپنے اثاثوں کے باعث دنیا کے ۴۴؍ ویں امیر ترین شخص تھے ۔ وہ ایک فٹ بال کلب ، باسکیٹ بال ٹیم ، پوٹ لینڈ ٹریل کے مالک تھے ۔ ایلن ۴۰۰؍ فٹ طویل ایک فائیو اسٹار کشتی کے مالک تھے ۔ پال ایلن نے شادی نہیں کی تھی ۔

انہوں نے آرٹ کے نمونے او رنوادارات جمع کرنے کیلئے اپنی دولت کا بڑا حصہ خرچ کردیا تھا ۔ان کے ذاتی ذخیرہ میں نایاب فن پارے او رکئی نادر جنگی جہاز شامل تھے ۔ انہوں نے کئی تعلیمی و تحقیقی ادارہ بھی کھول رکھے تھے ۔ انہوں نے اپنی ذاتی دولت سے کروڑوں ڈالر خرچ کر کے اپنے آبائی شہر سیاٹل کے نزدیک واقع ایک اجاڑ علاقہ ساؤتھ لیک یونین ٹیکنالوجی کے مرکز میں تبدیل کیا ہے جہاں اب Amazon جیسی بڑی کمپنی کے صدر دفتر سمیت کئی دفاتر ہیں ۔ایلن نے اپنی وفات کے بعد اپنی نصف سے زائد دولت بھی عطیہ کرنے کی وصیت کر رکھی تھی ۔