مائیلار دیو پلی میں قتل کی واردات

حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ میلاردیوپلی میں ایک شخص کا قتل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 45 سالہ امجد خاں میلار دیوپلی کا ساکن تھا۔ آج اس شخص پر اس وقت قاتلانہ حملہ کیا گیا جب وہ اس کی پلائی ووڈ کی دکان میں موجود تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق امجد خاں شاستری پورم میں واقع اپنی دکان میں موجود تھے کہ دو موٹر سیکلوں پر تین نامعلوم افراد نے اچانک ان پر ہتھوڑی اور تیز دھار ہتھیار سے حملہ کردیا اس حملہ میں زخمی شخص ہلاک ہوگیا۔ اطلاع کے ساتھ ہی میلاردیوپلی پولیس شاستری پورم علاقہ میں پہنچ گئی اور ضابطہ کی کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ امجد کے قتل کی وجوہات کا پتہ چلانے میں پولیس مصروف ہے اور علاقہ میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی جارہی ہے۔