حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) مائیلاردیو پلی اور سنتوش نگر علاقوں میں دو خواتین نے خودسوزی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک خاتون نے سسرالی رشتہ داروں کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر اور ایک خاتون نے شوہر سے معمولی جھگڑے کے بعد انتہائی اقدام کیا۔ مائیلار دیو پلی پولیس کے مطابق 30 سالہ رضوانہ بیگم جو اپکو کالونی، کاٹے دھن علاقہ کے ساکن قاسم کی بیوی تھی، اس خاتون نے 26 ڈسمبر کو انتہائی اقدام کرتے ہوئے اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگالی اور علاج کے دوران آج فوت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق اس خاتون کو سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے مبینہ طور پر ہراسانی کا سامنا تھا۔ سنتوش نگر پولیس کے مطابق 24 سالہ عائشہ صدیقی جو گول ناکہ علاقہ کے ساکن معین الدین کی بیوی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق عائشہ صدیقی نے 25 ڈسمبر کو اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگالی اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق عائشہ صدیقی کا اپنے شوہر سے معمولی بات پر جھگڑا ہوا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔