ماؤنٹ ابومیں شدید ترین سردی

جے پور؍ چندی گڑھ ۔/31جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان میں عوام کو سردی سے کوئی خاص راحت نہیں ملی ہے کیونکہ وہاں کا واحد ہل اسٹیشن ماؤنٹ ابو ہنوز سرد ترین مقام بنا ہوا ہے۔ جہاں درجہ حرارت 3.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ صحرائی ریاست کے دیگر کاموں میں بھی درجہ حرارت میں کوئی خاص کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔ چورو میں درجہ حرارت 5.2 ڈگری سیلسیس، ہنومان گڑھ میں 6ڈگری سیلسیس، پلانی میں 5.6 ڈگری سیلسیس اور جے پور میں 10.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نارتھ ویسٹرن ریلویز نے شدید کہر کی وجہ سے اپنی پانچ ٹرینوں کے نظام الاوقات پر نظر ثانی کی ہے۔ دوسری طرف پڑوسی ریاستوں ہریانہ، مدھیہ پردیش اور اتر پردیش میں بھی شدید کہر کی وجہ سے راجستھان سے وہاں تک چلائی جارہی ٹرینوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے جبکہ دیگر کچھ ٹرینیں 35 منٹ تا 5گھنٹے تاخیر سے چل رہی ہیں۔ پنجاب اور ہریانہ میں زبردست دُھند کی وجہ سے وہاں کی فضائی، ریلویز اور سڑک خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ درجہ حرارت 2ڈگری سیلسیس ہوجانے کے بعد اب لوگ یہ کہتے نظر آرہے ہیں کہ سردی جاتے جاتے اپنا اثر دکھاکر جائے گی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے لئے شدید کہر کی پیش قیاسی کی ہے۔ نارنول، پٹیالہ، کرنال، انبالہ، لدھیانہ اور دیگر علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے سردی میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔

میزورم سکریٹریٹ کی عمارت میں دھماکہ
آئزوال۔/31جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) اسمبلی سکریٹریٹ کے سنٹرل ٹریژری اسکوائر پر ہوئے زبردست دھماکے میں ایک عمارت اور انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشن آفس کو شدید نقصان پہنچا۔ پولیس نے بتایا کہ ایک چھوٹی عمارت جس میں ڈرائیورس وغیرہ قیام کرتے تھے جو اسمبلی سکریٹریٹ میں واقع تھی، دھماکے سے عمارت کی کھڑکیوں کے شیشے چکنا چور ہوگئے۔ دھماکہ کل رات گیارہ بجے ہوا جس میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ دھماکے کے لئے جلیٹن کا استعمال کیا گیا ہوگا۔