محبوب نگر /23 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میں ماؤسٹوں کی جانب سے پوسٹرس چسپاں کرنے کے واقعہ کے بعد محکمہ پولیس نے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ منگل کے دن ایس پی آفس میں ڈی آئی جی و ضلع انچارج ایس پی ششی دھر ریڈی نے پولیس عہدیداروں کے ساتھ ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا اور اس ضمن میں خصوصی ہدایات دی گئیں ۔ مواضعات میں پولیس کا بھاری بندوبست کرتے ہوئے دیہاتوں میں آنے جانے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ کسی بھی قسم کی غفلت نہ ہونی چاہئے ۔ ضرورت پڑنے پر فورس میں اضافہ کیا جائے ۔ ساتھ ساتھ انہوں نے ضلع میں جرائم تحقیقات میں پیشرفت کا جائزہ لیا اور اس تعلق سے ضلع پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور سختی سے پابند کیا کہ تحقیقایت کو التواء میں نہ رکھا جائے اور جلد از جلد تحقیاقت مکمل کرلی جائیں ۔ انہوں نے خصوصاً ایس سی ، ایس ٹی کیس کی تحقیقات کو بھی مناسب انداز میں کرنے کی ہدایت دی ۔ اس پر بھی انہوں نے ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ ان کیسیس کی تحقیقات صرف ڈی ایس پی کو ہی کرنا ہوگا ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈی آئی جی ششی دھر ریڈی نے کہا کہ ضلع میں امن و ضبط کی برقراری کیلئے عوام کا تعاون ضروری ہے ۔ ماوسٹوں کی جانب سے حال ہی میں لگائے گئے پوسٹروں کے تعلق سے انہوں نے بتایا کہ اس کی تحقیقات جاری ہیں ۔ مستقر محبوب نگر کے سرکاری دواخانہ سے نومولود کے اغواء کے واقعہ پرانہوں نے بتایا کہ اس تعلق سے ہمیں سراغ مل گیا ہے اور بہت جلد اغواء کنندہ کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے ہاسپٹل کی سیکوریٹی میں اضافہ کی ہدایت دی ۔ ماہ رمضان کے پرسکون اور پرامن فضاء میں انعقاد کیلئے ضروری اقدامات کئے جئایں ۔ اس موقع پر اے ایس پی پرکاش راؤ ، ڈی ایس پیز ملکارجن ، مہیش ، ڈرونا چاریلو و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔