مئے نوشی کے دوران دیوار منہدم ، ایک شخص ہلاک دیگر زخمی

حیدرآباد /3 مئی ( سیاست نیوز ) آرام گھر کے علاقہ میں مئے نوشی کے دوران دیوار منہدم ہونے سے ایک شخص ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے ۔ اطلاع کے ساتھ ہی راجندر نگر کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس مسٹر اشوک آرام گھر پہونچ گئے اور ابتدائی تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ شہر میں ہوئی تیز بارش اور طوفانی ہواؤں کے دوران یہ حادثہ پیش آیا ۔ پولیس نے اس حادثہ میں مرنے والے کی شناخت کرلی ہے اور بتایا کہ پرشورام نامی شخص دیوار کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا جو دیوار کے سائے میں بیٹھکر مئے نوشی کر رہا تھا کہ دیوار اس عارضی چھت پر گر پڑی اور یہ شخص اس کی زد میں آگیا ۔ جبکہ دیوار کی زد میں آکر مزید دو افراد بھی زخمی ہوگئے ۔ جن کے نام معلوم نہ ہوسکے ۔ اے سی پی کے مطابق آرام گھر چوراہے پر واقع شراب خانے میں یہ حادثہ پیش آیا ۔ یہ شورام ساکن آرام گڑھ آج شام شراب نوشی کیلئے گیا تھا اور اس شراب خانے کے پرمنٹ روم میں بیٹھا جو ایک عارضی چھت سے تیار کیا گیا تھا ۔ اس پرمٹ روم کے بازو اسکراپ کا گودام واقع ہے ۔ اسکراپ کے گودام اور شراب خانے کے پرمٹ روم سے جڑی ہوئی دیوار منہدم ہونے کے سبب یہ حادثہ پیش آیا ۔پولیس نے یہ بات بتائی ۔ راجندر نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔