ل95 لاکھ روپئے کے نئے کرنسی نوٹس ضبط

کمیشن پر پرانے نوٹ تبدیل کرنے والے 5 افراد گرفتار
حیدرآباد۔ یکم ڈسمبر (سیاست نیوز) نوٹ بندی کے بعد بڑے پیمانے پر جاری کمیشن کے بدلے پرانی نوٹوں کی تبدیلی کا کاروبار عروج پر ہے اور آج نارائن گوڑہ پولیس نے تلاشی مہم کے دوران  غیرقانونی طور پر منتقل کئے جارہے 95 لاکھ روپئے مالیتی نئی کرنسی ضبط کرلئے ۔ اے سی پی عابڈس جے راگھویندر ریڈی نے بتایا کہ نارائن گوڑہ پولیس نے تلاشی مہم کے دوران غیرقانونی طور پر منتقل کئے جارہے لاکھوں روپئے مالیتی نئی کرنسی کو ضبط کرلیا اور اس کمیشن کے کاروبار میں ملوث پانچ افراد بشمول  ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے کثیر مقدار میں رقم کی ضبطی کے بعد فوری محکمہ انکم ٹیکس کو مطلع کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ضبط کی گئی رقم پرانے نوٹس تبدیل کرکے نئے نوٹس حاصل کرنے اور 15% کمیشن پر اس کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔  اے سی پی نے بتایا کہ ہنمکنڈہ ورنگل کے اوم پرکاش کے قبضہ سے 2000 روپئے کے 985 نوٹس (19,70,000) روپئے، کندکور پرکاشم کے رام بابو کے قبضہ سے 2000 روپئے کے 1400 نوٹس (22,000,000) روپئے، کندکور پرکاشم کے سریندر کے قبضہ سے 2000 روپئے کے 480 نوٹس (جملہ 9,60,000) روپئے، کندکور پرکاشم کے مہیش کے قبضہ سے 2000 روپئے کے 500 نوٹس 10 لاکھ روپئے اور رامنتاپور حیدرآباد کی ساکن پدماجا کے قبضہ سے 2000 روپئے کے 1174 نوٹس (23 لاکھ 48 ہزار روپئے) برآمد کرلئے۔ پولیس نے جملہ 95 لاکھ 84 ہزار روپئے کے نوٹس برآمد کرلئے۔ گرفتار افراد کو انکم ٹیکس حکام کے حوالے کردیا گیا۔