لی کا کوارٹر فائنل میں سیبلکواسے مقابلہ

انڈین ویلس( امریکہ)۔12 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلین اوپن چمپین چینی کھلاڑی لی نا نے صرف 11 نشانات کے ذریعہ الگزینڈرا ووزنیاک کو شکست دیتے ہوئے انڈین ویلس کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ ڈومنیکا سیبلکوا سے ہوگا اور یہ آسٹریلین اوپن کے فائنل کا اعادہ ہوگا جہاں لی نے سیبلکوا کو شکست دیتے ہوئے گرانڈ سلام خطاب حاصل کیا تھا ۔

ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں دوسرے مقام پر فائز لی نا نے پری کوارٹر فائنل مقابلے میں کینیڈا کی الیگزینڈرا کو 6-1، 6-4 سے شکست دی ، جیسا کہ انھوں نے پہلا سیٹ بہ آسانی 32 منٹوں میں اپنے نام پر کرلیا۔ سیبلکوا نے اپنے کوارٹر فائنل میں کسی قدر سخت حریف اور سابق ومبلڈن چمپین پیٹرا کویٹووا کو بہ آسانی 6-3 ، 6-2 سے شکست دی ۔ دیگر مقابلوں میں سابق عالمی نمبر ایک ایلینا یانکووچ نے بھی کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ پولینڈ کی اگنیسزکا راڈونسکا سے ہوگا ۔