لی کا آسٹریلین اوپن کے فائنل میں ڈومنیکا سے مقابلہ

ملبورن۔23جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سلواکیہ کی ٹینس اسٹار ڈومنیکا سیبولکوا نے آسٹریلیا اوپن 2014ء میں رسائی حاصل کرتے ہوئے ثابت کردیا ہے کہ حوصلے اور عزائم بلند ہوں تو چھوٹا قد معنی نہیں رکھتا ۔ ڈومنیکا ’اوپن ایرا‘ کے دوران گرانڈ سلام ٹورنمنٹ کا فائنل کھیلنے والی سب سے چھوٹے قد کی کھلاڑی ہوں گی چونکہ ان کا قد صرف 5′-3″ انچ ہے ۔ آج یہاں ملبورن پارک میں منعقدہ سیمی فائنل میں ڈومنیکا نے پولینڈ کی ٹینس اسٹار اگنسزکا راڈوانسکا کو راست سیٹوں میں 6-1 ‘ 6-2 سے شکست دے کر اپنے کریئر کے پہلے گرانڈ سلام فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ ایشیائی امیدوں کی محور چینی کھلاڑی لی نا سے ہوگا جنہوں نے کینیڈا کی ابھرتی نوجوان کھلاڑی ایوجینی بوچارڈ کو راست سیٹوں میں 6-2‘ 6-4 سے شکست دی ۔ چینی کھلاڑی جو کہ یہاں آسٹریلین اوپن میں 2مرتبہ فائنل مقابلہ میں شرکت کرنے کے باوجود خطاب حاصل کرنے میں ناکام رہی ‘

تاہم اس مرتبہ انہیں بہترین موقع دستیاب ہے کہ وہ فرنچ اوپن کے بعد آسٹریلین اوپن خطاب حاصل کرے کیونکہ ڈومنیکا کے خلاف گذشتہ چار مقابلوں میں لی نے صدفیصد فتوحات حاصل کئے ہیں ۔ ڈومنیکا کی راڈوانسکا کے خلاف یہ کامیابی اس لئے بھی شاندار رہی کیونکہ گذشتہ برس اس ٹورنمنٹ میں انہیں اپنی حریف کھلاڑی کے خلاف 6-0 ‘ 6-0 کی انتہائی شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی تھی ۔ ڈومنیکا نے فائنل میں رسائی سے قبل چوتھے راؤنڈ میں ماریا شارا پوا کو بھی شکست دی ہے اور اس اعتبار سے لی کیلئے خطابی مقابلہ آسان نہیں ہوگا ۔

موجودہ کھلاڑیوں کی فہرست کی 100 کھلاڑیوں میں ڈومنیکا ایسی تیسری کھلاڑی ہیں جن کا قد کافی کم ہے کیونکہ ان کے علاوہ امریکہ کی لورین ڈیویس اور جاپان کی میساکی ڈوئی اور کرومی نارا ڈومنیکا سے قد میں چھوٹی کھلاڑی ہیں ۔گذشتہ برس تک جن کھلاڑیوں نے بھی گرانڈ سلام خطابات حاصل کئے ہیں ان کا قد 5فٹ 6انچ یا اس سے زیادہ رہا ہے ۔ 5فٹ 3انچ کی قد کی حامل کھلاڑی جس نے اس سے قبل گرانڈ سلام خطاب حاصل کیا ہے وہ نینسی ریچے اور میماجاؤسوویک ہیں

جنہوں نے 1968 اور 1977ء میں فرنچ اوپن خطابات حاصل کئے ہیں ۔ ڈومنیکا نے سلواکیہ سے تعلق رکھنے والی ایسی پہلی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جو کہ کسی گرانڈ سلام کے فائنل میں رسائی حاصل کی ہو ۔ گذشتہ مقابلے میں جہاں ڈومنیکا کو سمونا ہالیپ کو شکست دینے کیلئے 3-6‘ 6-4‘ 6-1 کا مقابلہ کھیلنا پڑا تھا وہیں راڈوانسکا نے 2مرتبہ کی چمپئنس کھلاڑی وکٹوریا ایزرنکا کو بہ آسانی 6-1 ‘ 6-3 سے شکست دی اور وہ سیمی فائنل کیلئے پسندیدہ کھلاڑی قرار دی جارہی تھی ۔ فائنل میں لی کیلئے حالانکہ ماضی کے ریکارڈ حوصلہ افزاء ہیں لیکن موجودہ فارم کے اعتبار سے ڈومنیکاکو پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا جارہا ہے جو کہ ایک چھوٹے سے ملک سلواکیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے اسٹار بننے کے قریب ہیں ۔ ہفتہ کو خاتون زمرے کا سنگلز لی اور ڈومنیکا کے درمیان کھیلا جائے گا جس کے متعلق امید کی جارہی ہے کہ یہ ایک دلچسپ اور مسابقتی مقابلہ ہوگا ۔