لیک پولیس نے تین افراد کو خودکشی سے بچالیا

حیدرآباد /29 جولائی ( سیاست نیوز ) گھریلو مسائل اور تنازعات سے پریشان والدین کی دھتکار کا شکار ایک نوجوان جو خودکشی کرنا چاہتا تھا لیکن لیک پولیس نے اسے ناکام بنادیا اور کونسلنگ کے بعد اسے روانہ کردیا ۔ لیک پولیس نے آج مختلف واقعات میں تین افراد بشمول ایک خاتون کو بچالیا ۔ انسپکٹر لیک پولیس محترمہ سری دیوی نے بتایا کہ 32 سالہ شخص محمد اسد جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے ۔ اپنی زندگی سے بے زار ہوچکا تھا ۔ اس نے آج اپر ٹینک بنڈ پہونچکر انتہائی اقدام کی کوشش کی تاہم لیک پولیس کے چوکسی  اختیار کی اور عملہ نے فوری اسد کو اپنی حراست میں لے لیا اور لیک پولیس منتقل کردیا ۔ انسپکٹر کے مطابق اسد رین بازار یاقوت پورہ علاقہ کا ساکن ہے ۔ گھریلو تنازعات و مسائل کے سبب اس کے والدین نے اسے دھتکار دیا تھا اور مکان سے نکال دیا ،تنہائی اور گھر والوں سے دوری کے سبب اپنی پریشانی کو ختم کرنے کیلئے خود کو ختم کرنا چاہتا تھا ۔ دوسرے واقعہ میں لیک پولیس نے ایک 38 سالہ خاتون جھانسی کو بچالیا جو اپنے شوہر کے رویہ  اور حرکتوں کے سبب تنگ آکر خودکشی کرنا چاہتی تھی ۔ جھانسی شاہ علی بنڈہ علاقہ کے ساکن جگناتھ کی بیوی تھی ۔ جھانسی کا شوہر فٹ پاتھ پر کاروبار کرتا تھا اور مختلف بیماریوں کا شکار تھا اور کثرت سے شراب نوشی کرتا تھا ۔ جھانسی نے کئی مرتبہ اپنے شوہر کو شراب نوشی ترک کرنے کی تاکید کی تھی تاہم شوہر کے حرکتوں سے تنگ آکر اس نے آج انتہائی اقدام کی کوشش کی لیک پولیس نے اس خاتون کو کونسلنگ کے بعد روانہ کردیا ۔ تیسرے واقعہ میں لیک پولیس نے 44 سالہ شخص وسنت کو بچالیا جو کلثوم پورہ کاروان علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ وسنت اپنے بڑے بیٹے کارتیک کے رویہ سے تنگ آچکا تھا اور خودکشی کرنا چاہتا تھا ۔ لیک پولیس نے اس شخص کی بھی کونسلنگ کی اور گھر روانہ کردیا ۔