لیون کی شاندار بولنگ ‘ آسٹریلیا نے سیریز 1-1سے برابرکردی

چٹگانگ۔7ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)) آسٹریلیائی اسپنر ناتھن لیون کی خطرناک بولنگ کی بدولت آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹسٹ کے چوتھے ہی دن سات وکٹ سے کامیابی اپنے نام کرکے دو میچوں کی سیریز 1 ۔1 سے برابر کر لی ۔چٹگانگ میں ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں دوسرا ٹسٹ کھیلا گیا، میزبان بنگلہ دیشی ٹیم نے آسٹریلیا کے سامنے پر چیلنجنگ مظاہرہ کیا لیکن میچ کے چوتھے دن، بنگلہ دیشی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں صرف157 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا کوجیتنے کے لئے 86 رنز کا ایک معمولی نشانہ دیا جسے مہمان ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 15.3 اوور میں87 رنز بنا کر صرف 74 منٹ کے وقفے میں ہی جیت اپنے نام کرکے گزشتہ میچ میں ہوئی شکست کا حساب برابر کیا۔ڈھاکہ میں پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 20 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا، جو بنگلہ دیش کے خلاف ان کی پہلی شکست بھی تھی۔ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے میٹ رینشا نے مہمان ٹیم کے لئے 22 رنز بنائے جبکہ گلین میکسویل 25 رنز پر ناٹ آوٹ رہے ۔انہوں نے17 گیندوں میں دو چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے جیت کی خانہ پری کو مکمل کیا۔ آسان ہدف کے باوجود بنگلہ دیش نے مہمان ٹیم کو تین جھٹکے دئے ۔آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں، میکسویل اور پیٹر ہینڈاسکومب (ناٹ آوٹ 16) نے میچ میں 39 رنز کی ناٹ آوٹ شراکت کی۔بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمن نے ڈیوڈ وارنر (8)، تاج الاسلام نے کپتان اسٹیون اسمتھ (16) اور شکیب الحسن نے میٹ رینشا (22) کو اپنا شکار بنایا۔اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز کی شروعات 377 رنز پر نو وکٹ سے آگے کھیلی تھی ۔ اس وقت ٹیم کو72 رن کی برتری حاصل تھی لیکن وہ اس میں اضافہ نہیں کر سکی اور کل کے ناٹ آؤٹ ناتھن لیون (صفر) پر مستفیض الرحمن کا شکار ہو گئے جس کے ساتھ آسٹریلیا کی پہلی اننگز 119.5 اوور میں 377 رنز پر ہی سمٹ گئی۔اس کے بعد بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز شروع کی لیکن ٹاپ آرڈر کے پانچ کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی بیٹسمین20 رنز تک نہیں پہنچ سکا اور ٹیم نے صرف43 رنز پر پانچ وکٹ گنوا دیے ۔ مڈل آرڈر مشفق الرحیم نے31 رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلی۔دیگر بیٹسمینوں میں شبیر رحمن نے 24 اور مومن الحق نے 29 رنز بنائے ۔لیون آسٹریلیا کی طرف سے سب سے زیادہ کامیاب بولر رہے ۔ انہوں نے33 اوورز میں60 رنز دے کر چھ وکٹ حاصل کیں۔پیٹ کمنز اور اسٹیواو کیفے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔لیون کو شاندار کارکردگی کے لئے مین آف دی میچ منتخب کیا گیا ۔اس سے قبل کل ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں موقف مضبوط کرتے ہوئے 72 رنز کی قیمتی برتری حاصل کر لی تھی ۔ سیریز کے دوسرے ٹسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے 225 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو اسکور میں مزید 25 رنز کے اضافے سے پیٹرہینڈزکومب وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں پویلین لوٹنے پر مجبور ہوئے ، انہوں نے 82 رنز بنائے ۔ڈیوڈ وارنر نے دوسرے اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ٹیسٹ کرکٹ میں 20ویں سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ وہ سات چوکوں کی مدد سے 123 رنز کی شاندار بیٹنگ کے بعد عمرالقیس کا شکار بنے ۔298 رنز پر صرف چار وکٹیں گرنے کے بعد میچ میں آسٹریلیا کا موقف مستحکم نظر آرہا تھا اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ باآسانی400 رنز بنانے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن بنگلہ دیشی اسپنرز نے مہمان ٹیم کو بڑے ہدف سے روک دیا۔بارش کے سبب دن میں صرف 54 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا اور جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے نو وکٹ کے نقصان پر 377 رنز بنائے تھے۔