لیور پول ۔ روما میچ سے قبل شائقین کے درمیان جھگڑا

لندن۔25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) لیورپول اور روما کے درمیان یوئیفا چیمیئنز لیگ 2018 کے پہلے سیمی فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کی حمایتی شائقین کے درمیان جھگڑا ہوگیا جس میں ایک فرد شدید زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیموں کے شائقین کے درمیان میچ سے چند منٹ قبل جھگڑا ہوا تھا اور اس جھگڑے کے دوران اطالوی فٹبال کلب روما کے حامی شائقین نے انگلینڈ کے فٹبال کلب لیورپول کے ایک حامی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے لیور پول کے حامی پر بیلٹ سے حملہ کیا اور انہیں مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔تاہم پولیس حکام نے کچھ ہی دیر میں جائے وقوع پر پہنچ کر شائقین کو منتشر کردیا اور زخمی شخص کو تشویش ناک حالت میں قریبی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق پولیس نے اٹلی کے دارالحکومت روم سے تعلق رکھنے والے 2 باشندوں کو اقدامِ قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔پولیس نے واقعہ پر قابو پانے کیلئے ضروری اقدامات کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔