لندن۔19 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) یوروگوائے کے ا سٹار فٹبال کھلاڑی لوئس سوریز نے گولڈن بوٹ کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ بارسلونا فٹ بال کلب کے 27 سالہ اسٹرائیکر نے گزشتہ سیزن میں اپنی شاندار کارکردگی دکھا کر گولڈن بوٹ کا اعزاز حاصل کیا۔گولڈن بوٹ کے لیے لوئس سوریز اورپرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈوکا مقابلہ تھا۔دونوں کھلاڑیوں نے سیزن میں شا ندار مظاہرہ کرتے ہوئے فی کس 31 گول کیے۔ سوریز کو لیورپول کلب کے مالک کینی ڈالگلش نے شاندار ایوارڈ کا انعام دیا۔اس ضمن میں لوئس سوریز نے کہا ہے کہ انہیں سیزن کا بہترین کھلاڑی قرار دینا بڑا اعزاز ہے۔ وہ چارماہ فٹبال کے میدان سے باہررہنے کے بعد خود کو تروتازہ محسوس کررہے ہیں۔حال ہی میں دو دوستانہ میچ میں یوروگوائے کی نمائندگی کرکے خوش ہیں۔کوشش ہوگی کہ مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی کا تسلسل جاری کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرونگا۔ سوریز نے گزشتہ ہفتے دوستانہ میچز میں عمدہ کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے فٹبال کے میدان میں یاد گار واپسی کی۔ واضح رہے کہ یورو گوائے کے لوئس سوریز نے 2014ورلڈ کپ کے میچ میں اطالوی کھلاڑی کوکانٹا تھا جس پر فیفا نے ان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے چارہ ماہ کی معطلی کی سزا سنائی۔ چار ماہ کی پابندی ختم ہونے کے بعد سوریز 25 اکتوبر کو ریال میڈرڈ کے خلاف میچ کھیلیں گے۔