ملزمین کی سی آئی ڈی میں شکایت کے ذریعہ میڈیا پر اثر انداز ہونے کی کوشش
حیدرآباد ۔31جنوری ( سیاست نیوز ) چندرائن گٹہ پولیس نے مبینہ لینڈ گرابنگ میں ملوث ہونے پر دو افراد بشمول ایک رپورٹر کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے محمد جمال الدین عرف سہیل اور عبدالرحیم باوزیر ( رپورٹر) کو بنڈلہ گوڑہ عمدہ کالونی میں واقع اراضی پر مبینہ لینڈ گرابنگ کے مقدمات کے سلسلہ میں آج گرفتاری عمل میں لائی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے معیاری طریقہ کار اختیار کیا ہے جس کے تحت کسی بھی فرد کو بغیر عدالت کے احکامات کے اس کے مقام سے منتقل کرنا یا ہٹانے کے خلاف ہے اور اس طریقہ کار کی خلاف ورزی کئے جانے پر پولیس عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ محمد جمال الدین اور اس کے ساتھیوں نے عمدہ کالونی میں 13مکانات کے مکینوں کو جبراً وہاں سے ہٹا دیا اور ان مکانات اور پلاٹس پر اپنا نام تحریر کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ محمد جمال الدین کے ایک ساتھی فرزانہ بیگم نے سابق میں پہاڑی شریف اور چندرائن گٹہ علاقوں میں لینڈ گرابنگ میں مبینہ ملوث ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس لینڈ گرابنگ معاملہ میں سابق میں 10افراد بشمول رپورٹر سنتوش اور راؤڈی شیٹر باحمید کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ حبیب محمد اور محمد احمد خان نے ہائیکورٹ سے ضمانت حاصل کرلی ہے ۔ مسٹر ستیہ نارائن نے کہا کہ گرفتار ملزمین نے سی آئی ڈی میںایک مقدمہ درج کرواتے ہوئے میڈیا پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے ۔