حیدرآباد ۔ /13 جولائی (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ کی یاچارم پولیس نے دھوکہ دہی کے ذریعہ لینڈ گرابنگ اور حکومت سے معاوضہ حاصل کرنے میں ملوث 8 رکنی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس رچہ کونڈہ مسٹر مہیش بھاگوت نے بتایا کہ اس ٹولی کا سرغنہ ایم لکشمی کانتیا ہے جس نے فرضی دستاویزات کے ذریعہ اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے تلبیس شخصی میں ملوث ہوتے ہوئے 1.12 کروڑ معاوضہ حاصل کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ میڑپلی کے سروے نمبر 228/A کے حقیقی مالک کے ستیہ نارائنا سے اس اراضی دستاویزات کی کاپیاں حاصل کرنے کے بعد ستیہ نارائنا کے آدھار کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے تلبیس شخصی کے ذریعہ اس اراضی کی دیگر افراد کے نام پر رجسٹری کروائی ۔ اس دھوکہ دہی کے معاملے میں رئیل اسٹیٹ تاجر بی راج شیکھر اور دیگر نے اہم رول ادا کیا ۔ مسٹر بھاگوت نے کہا کہ آر ڈی او ابراہیم پٹنم نے اس دھوکہ دہی کے معاملے کا پتہ چلنے پر ڈپٹی کمشنر پولیس ایل بی نگر سے شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 8 افر اد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔