لینڈر پیس کی ڈیوس کپ اور ایشین گیمس میں عدم شرکت

نئی دہلی۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس اسٹار لینڈر پیس ڈیوس کپ اور ایشین گیمس میں نہیں کھیلیں گے۔ پیس نے ریو اولمپک 2016ء تک خود کو صحت مند رکھنے کیلئے آل انڈیا ٹینس فیڈریشن (اے ٹی ایف) سے خود کو اس سال آرام دینے کی اجازت طلب کی ہے۔ لینڈر پیس کے والد نے اے ٹی ایف کے صدر انیل کھنہ کو تحریر کئے گئے اپنے مکتوب میں کہا کہ ان کے فرزند لینڈر پیس آئندہ ڈیوس کپ میں حصہ لینا نہیں چاہتے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اے ٹی ایف کو اس بات سے بھی مطلع کیا کہ لینڈر پیس جاریہ سال کسی بھی ٹورنمنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

اے ٹی ایف کے جنرل سکریٹری بھارت اوجھا نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ لینڈر پیس گزشتہ دو عشرے سے ہندوستانی ٹینس کی بنیاد رہے ہیں اور جب بھی ضرورت پڑی وہ اپنے ملک کیلئے کسی بھی محب وطن کی طرح ہمیشہ تیار رہے۔ پیس کی طرف سے گزشتہ دو عشروں میں دی گئی عظیم شراکت کو دیکھتے ہوئے لینڈر پیس کی اپنے خاندان کیساتھ وقت گزارنے کی ضرورت کو ہم سمجھ سکتے ہیں۔ پیس نے اے ٹی ایف سے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی بیٹی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گذارنا چاہتے ہیں۔ اے ٹی ایف نے مزید کہا کہ وہ لینڈر پیس کے فیصلہ کا مکمل احترام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت سوم دیو، دیو رمن اور روہن بوپنا کیساتھ ساتھ یکی بھابری، ساکیت مانینی اور اسی طرح کے دیگر باصلاحیت ٹینس کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔