نئی دہلی ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ نے مصالحتی راہ اختیار کرتے ہوئے آج چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا کو ظہرانہ پر مدعو کیا۔ اس موقع پر کئی متنازعہ امور بشمول اینٹی کرپشن برانچ (اے سی بی) کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیاسی حلقوں میں اس لنچ کو لیفٹننٹ گورنر اور عام آدمی پارٹی حکومت کے مابین مصالحت کا اشارہ سمجھا جارہا ہے۔ انتظامی کنٹرول پر دونوں میں تلخ اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ آج ہفتہ وار جائزہ اجلاس تھا جو لیفٹننٹ گورنر کی جانب سے طلب کیا جاتا ہے۔ اس اجلاس میں عام طور پر منیش سیسوڈیا شریک ہوتے ہیں لیکن اروند کجریوال بھی آج ان کے ہمراہ تھے۔ ذرائع نے اس ملاقات کو کارآمد قرار دیا اور کہا کہ کئی متنازعہ امور پر تبادلہ خیال ہوا۔