لیفٹننٹ گورنر بائیجل کا کام کاج مرکز کے اشاروں سے مشروط

دہلی میں تعطل ختم کرنے کجریوال حکومت اور آئی اے ایس آفیسرس رضامند مگر میٹنگ کیلئے مرکز کی منظوری ندارد : عام آدمی پارٹی

نئی دہلی ۔ 19 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) برسراقتدار عام آدمی پارٹی نے آج لیفٹننٹ گورنر انیل بائیجل کو بی جے پی زیرقیادت مرکز کی ایماء پر کام کرنے اور اروند کجریوال حکومت اور آئی اے ایس آفیسرس کے درمیان میٹنگ طلب نہ کرنے کا مورد الزام ٹھہرایا ۔ یہ میٹنگ طلب کی جاتی تو رواں سال کے اوائل چیف سکریٹری پر کئے گئے مبینہ حملے کے بعد سے جاری تعطل کو ختم کرنے میں مدد ملتی ۔ عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ایم پی سنجے سنگھ نے دعویٰ کیا کہ آئی اے ایس آفیسرس حکومت سے بات چیت کے لئے آمادہ ہیں کیونکہ چیف منسٹر کجریوال نے اُنھیں تیقن دیا ہے کہ وہ اُن کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنائیں گے ۔ سنجے سنگھ نے کہاکہ آئی اے ایس آفیسر اور حکومت دونوں جاریہ تعطل کو ختم کرنے کیلئے بات چیت کرنا چاہتا ہے لیکن لیفٹننٹ گورنر اس میٹنگ کو طلب نہیں کررہے ہیں جو ہمارے الزام کو درست ثابت کرتا ہے کہ وہ نریندر مودی کی ایماء پر کام کررہے ہیں ۔ آئی اے ایس آفیسرس نے آج کہا کہ وہ یہاں سکریٹریٹ میں میٹنگ کیلئے چیف منسٹر دہلی کجریوال کی طرف سے باقاعدہ مکتوب کے منتظر ہیں ۔ سنجے سنگھ نے وزیراعظم مودی پر بھی شدید تنقید میں کہا کہ وہ نواز شریف (سابق وزیراعظم پاکستان ) سے ملاقات کرسکتے ہیں لیکن ایک منتخب چیف منسٹر سے نہیں جو گزشتہ آٹھ یوم سے ایل جی آفیس میں دھرنا پر بیٹھا ہے ۔

عام آدمی پارٹی لیڈر نے دعویٰ کیا کہ لیفٹننٹ گورنر نے ڈپٹی چیف منسٹر کی طرف سے تحریر کردہ مکتوب پر کوئی جواب نہیں دیا جس میں میٹنگ طلب کرنے کی درخواست کی گئی ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے طورپر کام نہیں کررہے ہیں ۔ کسی زمانے میں (ماقبل آزادی ) وائسرائے ایل جی ہاؤس میں قیام کیا کرتے تھے جہاں اب بائیجل رہتے ہیں ۔ ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ وائسرائے کی روح اُن پر حاوی ہوگئی ہے ۔ اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ لیفٹننٹ گورنر جلد از جلد میٹنگ طلب کرتے ہوئے چار ماہ طویل تعطل کاخاتمہ کریں۔ کجریوال اور اُن کے کابینی رفقاء ایل جی آفیس میں دھرنا منظم کرتے ہوئے مطالبہ کررہے ہیں کہ آئی اے ایس آفیسر کو اپنی ہڑتال ختم کرنے کی ہدایت دی جائے اور گھر گھر راشن پہونچانے کی اسکیم منظور کی جائے ۔ آئی اے ایس اسوسی ایشن نے ہڑتال پر ہونے کی تردید کی ہے ، حالانکہ وہ عام آدمی پارٹی کے وزراء کی طلب کردہ میٹنگوں میں شرکت سے گریز کرتے آئے ہیں۔ یہ سلسلہ دہلی چیف سکریٹری انشو پرکاش پر چیف منسٹر کی قیامگاہ میں مبینہ حملے کے بعد سے چل رہا ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے ترجمان دلیپ پانڈے نے دعویٰ کیا کہ آئی اے ایس آفیسرس نے وزراء کے ساتھ نجی گفتگو میں اس بات کا اظہار کیا ہے کہ وہ کام پر لوٹنے کیلئے تیار ہیں لیکن اُنھیں لیفٹننٹ گورنر کی طرف سے منظوری کا انتظار ہے ۔ پانڈے نے دعویٰ کیا کہ آئی اے ایس آفیسرس مرکز کی طرف سے منظوری ملنے تک اپنی آمادگی کے باوجود کام پر رجوع نہیں ہوسکتے ہیں۔ دریں اثناء آئی اے ایس آفیسرس نے اُنھیں کجریوال کی طرف سے سکریٹریٹ میں میٹنگ کیلئے باقاعدہ مکتوب کا انتظار ہے تاکہ جاریہ تعطل ختم ہوجائے ۔