لندن ۔2 مئی (سیاست ڈاٹ کام )پریمیئر لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور لیسٹر سٹی کے مابین کھیلے گئے ایک اہم میچ میں مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔ اس میچ کو ایک تاریخی میچ قرار دیا جارہا تھا کیونکہ اگر لیسٹر اس میں فاتح ہوتا تو وہ اپنی 132 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پریمیئر لیگ یعنی برطانیہ کی سب سے اہم فٹبال لیگ کا خطاب اپنے نام کر لیتا لیکن اب چمپیئن بننے کے لئے لیسٹر کو کم از کم مزید ایک دن کا انتظار کرنا پڑے گا۔ اتوار کو کھیلے گئے میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے اینتھونی مارشل نے گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی لیکن صرف نو منٹ بعد لیسٹر کیویس مورگن نے گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔ خیال رہے کے لیسٹر کے قریبی حریف ٹوٹنہم کا چیلسی سے مقابلہ ہے اگر ٹوٹنہم جیتنے میں ناکام رہتا ہے تو لیسٹر پریمیئر لیگ کا چمپیئن بن جائے گا۔ مانچسٹر یونائٹیڈ کے خلاف میچ میں لیسٹر کے اسٹار کھلاڑی جیمی وارڈی پابندی کے باعث نہیں کھیل پائے۔