لاہور ، 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے مایہ ناز کرکٹ لیجنڈ وسیم اکرم کے والد چودھری محمد اکرم طویل عرصہ علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ وہ لاہور کے خانگی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ 85 سالہ چودھری اکرم چہارشنبہ کی صبح زندگی اور موت کی کشمکش میں ہار گئے۔ اس وقت وسیم اکرم ابوظہبی میں منعقدہ انڈین پریمئر لیگ میں کولکاتا نائٹ رائڈرز کے بولنگ کوچ کی حیثیت سے کام کررہے تھے اور وہ فوری متحدہ عرب امارات سے لاہور واپس ہوئے۔ ’دی ڈان‘ کے مطابق وسیم نے اپنے والد کو اپنی زندگی کی متاثرکن شخصیت قرار دیا جب لڑکپن سے جوانی کی طرف رواں دواں تھے اور پھر بعد کے مراحل میں وہ اُن کیلئے ’حقیقی دوست‘ کی طرح رہے۔ وسیم نے اپنے پرستاروں اور بہی خواہوں سے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی اپیل کی ہے۔