لاہور، 6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) وسیم اکرم پر حملے کے فوری بعد عمران خان، شاہد آفریدی، ثقلین مشتاق، انیل کمبلے، احمد شہزاد اور دیگر کرکٹرز نے حملے کی مذمت کی اور اکرم کے محفوظ رہنے پر شکر ادا کیا۔ عمران خان نے وسیم اکرم پر حملے کی ٹوئٹر کے ذریعے مذمت کی۔ انہوں نے لکھا کہ وہ اس بزدلانہ فعل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ کمبلے نے بھی ٹوئٹر پر لکھا کہ انہیں ابھی ابھی وسیم اکرم پر حملے کی خبر ملی ہے، خوشی کی بات یہ ہے کہ وسیم اکرم محفوظ رہے ہیں۔ نیز ثقلین مشتاق نے ٹوئٹر کے ذریعے لکھا کہ اللہ کا شکر ہے، اس نے میرے بھائی کو اس حملے میں محفوظ رکھا۔ احمد شہزاد نے لکھا کہ انہیں وسیم اکرم پر فائرنگ کی خبر ملی ہے۔ تاہم خوشی کی بات ہے کہ وہ محفوظ رہے۔ محمد حفیظ نے ٹویٹ کیا کہ وہ وسیم اکرم پر فائرنگ کی خبر سے سخت حیرت کا شکار ہیں۔