دبئی ۔ 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف یہاں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن اپنے نوجوان اوپنر لیتھم کی کریئر اور سیریز میں دوسری سنچری کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ نیوزی لینڈ جس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے مقابلہ کا بھی بہتر ہی آغاز کیا جیسا کہ کپتان برنڈن مکالم نے لیتھم کے ہمراہ پہلی وکٹ کیلئے 77 رنز اسکور کئے۔ مکالم جوکہ نہ صرف وکٹ پر کافی آرام دہ محسوس کررہے تھے بلکہ ان کا کھیل بھی جارحانہ تھا لیکن احسان عابد نے ان کی بہتر اننگز کو طویل ہونے نہیں دیا۔ مکالم نے 69 گیندوں میں 4 چوکوں اور 2 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 43 رنز اسکور کئے۔ دن کے ہیرو لیتھم ثابت ہوئے جنہوں نے 258 گیندوں میں 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 137 رنز کی اننگز کھیل چکے ہیں۔ دن کے اختتام پر ان کے ہمراہ آل راونڈر کوری اینڈرسن 38 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 7 رنز اسکور کئے ہیں۔ آوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں برنڈن مکالم کے علاوہ کین ولیمسن نے 86 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 32 رنز اسکور کئے جبکہ سابق کپتان راس ٹیلر نے 71 گیندوں میں 23 رنز اسکور کئے جس میں 3 چوکے شامل ہیں۔ ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے بھی فی کس ایک وکٹ لی۔