لیبیا کے معزول وزیراعظم کے طیارہ کا مالٹا میں توقف

روم 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کے مفرور سابق وزیراعظم علی زیدان نے مالٹا میں مختصر وقت کے لئے توقف کیا تاکہ اُن کے طیارہ میں ایندھن بھرا جاسکے۔ اُنھیں اقتدار سے معزول کردیا گیا ہے۔ مالٹا کے وزیراعظم جوزف مسقط نے آج کہاکہ طیارہ مالٹا میں ایندھن بھرنے کے لئے دو گھنٹے رُکا رہا۔ بعدازاں وہ دوسرے یوروپی ملک کے لئے روانہ ہوگیا۔ وزیراعظم لیبیا نے ٹی وی انٹرویو میں اُن کی قطعی منزل کے بارے میں یقین کے ساتھ کچھ نہیں کہا۔ یہ وقفہ زیدان کے کل اقتدار سے بیدخل ہونے کے چند ہی گھنٹے بعد دیکھا گیا۔ لیبیائی پارلیمنٹ میں اُنھیں خط اعتماد حاصل کرنے میں ناکامی ہوئی تھی۔ لیبیا کے وکیل استغاثہ اعلیٰ نے کل رات دیر گئے زیدان کے سفر پر امتناع عائد کیا تھا کیونکہ شبہ ہے کہ وہ عوامی رقومات کے غبن اور اُن کی سرمایہ کاری میں ملوث ہیں۔

وزیراعظم لیبیا نے کہاکہ اُنھوں نے توقف سے پہلے زیدان سے مختصر وقفہ کے لئے ملاقات کی تھی۔ یہ ملاقات صرف شخصی دوستی کا اظہار تھی جو دو افراد کے درمیان ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مالٹا واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ زیدان کو شمالی کوریا کا پرچم لہرانے والے خام تیل بردار بحری جہاز کو باغیوں کے زیرقبضہ ایک ٹرمنل سے روانہ ہوکر بحریہ کی ناکہ بندی توڑتے ہوئے سمندر میں فرار ہوجانے کے بعد معزول کیا گیا ہے۔ اِس واقعہ سے زیدان حکومت کی کمزوری ظاہر ہوگئی تھی جو سابق باغی نیم فوجی جنگجوؤں کا خاتمہ کرنے میں ناکام رہی تھی اور جس نے اپنا ایک مقام معمر قذافی کے خلاف 2011 ء کی بغاوت کے بعد بنالیا تھا۔ پریشان حال قائد مختصر وقفہ کے لئے سابق باغی نیم فوجی جنگجوؤں کے ہاتھوں گزشتہ اکٹوبر میں دارالحکومت کے قلب سے اغواء بھی کرلئے گئے تھے۔