تیونس یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام ) لیبیا اور تیونس کی سرحد پر سرحدی محافظین کی فائرنگ کے نتیجے میں دو مصری شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سینکڑوں مصری شہری لیبیا میں افراتفری کے باعث تیونس میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ لیبیا کے سرحدی محافظن نے فائر کھول دیا۔ ۔ تیونسی سرکاری ذرائع نے دو مصری افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم ابھی تک لیبیا کے حکام نے اس واقعے کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔ تیونس لیبیا کی خراب صورتحال کے پہلے نظر پہلے ہی لیبیا کے ساتھ اپنی سرحد بند کرنے کا عندیہ دے چکا ہے۔ تاکہ پناہ گزینوں کے علاوہ کسی ممکنہ شرپسند گروہ کے اپنے ہاں آنے کے امکان کو روک سکے۔ تیونسی وزیر خارجہ محمد حامدی کے مطابق اس وقت یومیہ بنیادوں پر پانچ سے چھ ہزار لوگ تیونس میں داخل ہو رہے ہیں تاہم صورتحال فی الحال تیونس کے کنٹرول سے باہر نہیں ہے۔
متعدد ملکوں کے شہریوں کا لیبیا سے تخلیہ
طرابلس ۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا میں حریف عسکری گروپوں کے مابین لڑائی تیز تر ہوتی جا رہی ہے۔ اسلامی ملیشیا نے بن غازی شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ متعدد ملکوں نے اپنے شہریوں کو لیبیا سے نکالنا شروع کر دیا ہے۔ یونان نے اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کے انخلاء کے لیے بحری جہاز روانہ کر دیا ہے۔ یورپی یونین نے عارضی طور پر اپنے بین الاقوامی ملازمین کو دارالحکومت سے نکال لیا ہے جبکہ فلپائن نے بھی اپنے شہریوں کو لیبیا چھوڑ دینے کا کہہ دیا ہے۔ اس سے پہلے کئی ممالک نے بھی اپنے شہریوں کو تخلیہ کا حکم دیا تھا۔