طرابلس 2 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) لیبیا کے ایک سکویریٹی عہدیدار نے کہا کہ دارالحکومت طرابلس کی ایک جیل سے تقریبا 54 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیںاور ایسا سکیوریٹی ناکامی کی وجہ سے ہوا ہے ۔ جوڈیشیل پولیس کے لیفٹننٹ کرنل احمد ابو کارا نے آج جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ قیدی جیل کے عقبی حصے میں سکیوریٹی شیشوں کو توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ وہاں عملہ قیدیوں میں ناشتہ کی تقسیم میں مصروف تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جیل عملہ کی کمی ہے اور وہاں صرف پانچ سکیوریٹی گارڈز تھے ۔ ابوا کارا نے کہا کہ جوڈیشیل پولیس کی نگرانی میں کام کرنے والی جیلوں میں عموما اس طرح جیل سے فرار کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔ جولائی میں تقریبا 1,000 قیدی الخویفیہ جیل توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے جو بن غازی میں ہے ۔ لیبیا میں 2011 میں کرنل معمر قذافی کی حکومت کی بیدخلی کے بعد سے سکیوریٹی صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے ۔