لیبیا میں کشتی غرقاب 40تارکین وطن ہلاک

طرابلس۔11مئی( سیاست ڈاٹ کام)لیبیا کے ساحل پر ایک کشتی غرقاب ہوگئی جس کے نتیجہ میں تقریباً 40تارکین وطن ہلاک اور 42دیگر لاپتہ ہیں ۔کرنل ایوب قاسم نے بتایا کہ یہ کشتی منگل کو یہاں سے چار کلومیٹر دور غرقاب ہوئی اور اب تک 52افراد کو بچایا جاسکا جن کا تعلق مختلف ممالک سے ہے ۔مہلوکین میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کشتی میں 130افراد سوار تھے جو غیرقانونی طور پر یوروپ جانے کی کوشش کررہے تھے لیکن زیادہ تعداد کی وجہ سے یہ کشتی غرقاب ہوگئی۔ہر سال لیبیا میں اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں اور کئی افراد اپنی جان گنوا بیٹھتے ہیں ۔ لیبیا کے حکام نے غیرقانونی نقل مقام روکنے کیلئے یوروپی یونین سے تعاون کی خواہش کی ۔