لیبیا میں پارلیمنٹ کے قریب جھڑپیں اور فائرنگ

طرابلس۔18مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) لیبا کے دارالحکومت طرابلس کے جنوب میں جہاں عبوری پارلیمنٹ واقع ہے‘ آج فائرنگ کا تبادلہ اور جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے ارکان کا تخلیہ کرادیا گیا ۔ عینی شاہدین اور ایک رکن پارلیمنٹ نے بتایا کہ فوجی بکتربند گاڑیوں کا ایک قافلہ ایئرپورٹ روڈ سے طرابلس میں داخل ہوتے ہی جھڑپیں شروع ہوگئیں ۔

یہ قافلہ جنرل نیشنل کانگریس کی عمارت کی طرف جارہا تھا ۔ سادہ لباس میں بندوق برداروں نے جیسے ہی اس عمارت پر فائرنگ کی تب تمام ارکان کا یہاں سے تخلیہ کرا دیا گیا ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ یہ بندوق بردار طاقتور زنٹان بریگیڈ کے ارکان ہیں جن کا جنوبی طرابلس اور ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقوں پر کنٹرول ہے ۔ پارلیمنٹ کو جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا گیا ہے ۔ دوسری طرف مشرقی لیبیا میں ہولناک جھڑپوں سے کم از کم 79 افراد ہلاک اور دیگر 141 زخمی ہوگئے۔