طرابلس ۔ /25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا میں وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دارالحکومت طرابلس میں مصر کے آج مزید چار سفارتی عہدیداروں کا اغواء کرلیا گیا ۔ جن میں تہذیبی اتاشی اور دیگر تین ارکان عملہ شامل ہیں ۔ گزشتہ روز بھی مصر کے ایک عہدیداروں کا اغواء کیا گیا تھا ۔ لیبیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعیدالاسدید نے کہا کہ ’’ مصر کے تہذیبی اتاشی اور دیگر تین سفارتی عہدیداروں کا آج اغواء کرلیا گیا ۔ گزشتہ روز بھی مصر کے ایک سفارت کار کا اغواء کیا گیا تھا ۔ قبل ازیں آج صبح کی اولین ساعتوں کے دوران مصری سفارتخانہ کے انتظامی شیر کا اغواء کرلیا گیا تھا ۔ حالانکہ حکومت لیبیا نے اعلان کیا تھا کہ سفارتخانہ کے اطراف و اکناف سکیورٹی انتظامات دوبارہ نافذ کئے گئے ہیں ۔ لیبیا کے ایک سکیورٹی عہدیدار نے کہا کہ 2011 ء کی عرب عوامی بے چینی کے دوران معمر قذافی کے خلاف مہم چلانے والے ایک باغی کمانڈر کی گزشتہ روز مصر میں گرفتاری کے انتقام کے طور پر ان مصری سفارتکاروں کے اغواء کے اندیشوں کو خارج از بحث قرار نہیں دیا جاسکتا ‘‘ ۔ لیبیا میں انقلابیوں کے مرکز کے سربراہ شعبان ہادیع ‘ لیبیائی وزارت دفاع سے غیر سرکاری طور پر وابستہ تھے ۔ جنہیں گزشتہ روز مصر میں بحیرہ روم کے ساحلی شہر اسکندریہ میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ لیبیا کی اعلیٰ ترین سیاسی اتھاریٹی ‘ جنرل نیشنل کانگریس کے سربراہ نے قاہرہ میں لیبیا کے سفیر کو وضاحت طلب کرنے کا نظم دیا ہے ۔