ریاض ۔ 19 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے لیبیا میں سکیورٹی تشویش کی بناء طرابلس میں واقع سفارتخانہ بند کردیا اور اپنے تمام سفیروں کا تخلیہ کرادیا ہے ۔ لیبیا میں سعودی عرب کے سفیر محمد محمود العلی نے سرکاری خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ اس ملک میں واقع قونصل خانہ کو بھی موجودہ صورتحال کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ لیبیا کی حکومت کے ساتھ باہمی ربط قائم رکھتے ہوئے کئے گئے فیصلے کے مطابق تمام سفارتکاروں کو ملک سے باہر منتقل کردیا گیا ۔ انھوں نے کہاکہ تازہ صورتحال کے بارے میں ہم لیبیا کے ساتھ ربط برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ لیبیا میں سیاسی قائدین اور بیرونی سفارتکاروں پر حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور لاقانونیت کا راج ہے ۔ کل مسلح گروپ نے پارلیمنٹ اور مشرقی حصہ میں واقعہ فضائی اڈہ پر حملہ کردیا تھا ۔ الجیریانے جمعہ کو ہی اپنا سفارتخانہ جو طرابلس میں واقع ہے بند کردیا تھا ۔