قاہرہ، 27 مئی(سیاست ڈاٹ کام) مصر کی فضائیہ نے لیبیا میں مشتبہ دہشت گردوں کے کیمپوں پر حملہ کیا جہاں مصر کے مسیحیوں پر گزشتہ روز کے مہلک حملے کے لئے ذمہ دار دہشت گردوں نے تربیت لی تھی۔ گزشتہ روز ہی مصر کے صدر عبد الفتح السیسی نے کہا تھا کہ انہوں نے دہشت گرد وں کے کیمپوں کو ختم کرنے کے لیے حملے کا حکم دیا ہے ۔ ایک ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے بیان میں انھوں نے کہا کہ جو بھی ملک دہشت گردی کو اسپانسر کرتے ہیں ، انہیں سزا دی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ مصر کی فضائیہ نے چھ حملے مشرقی لیبیا کے دیرنا میں کئے ۔فوج نے بتایا کہ یہ مہم ابھی جاری ہے اور یہ حملہ اس بات کی تصدیق ہونے کے بعد کیا گیا ہے کہ مسیحی برادری پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں نے یہیں تربیت لی تھی۔ واضح رہے کہ مصر کے وسطی علاقہ منیا میں کل بسوں اور ٹرکوں سے چرچ جاتے وقت نامعلوم مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ میں قبطی عیسائی کمیونٹی کے 28 افراد کی موت ہو گئی تھی اور 25 دیگر زخمی ہو گئے تھے ۔ اس حملے کی ابھی تک کسی نے بھی ذمہ داری نہیں لی ہے ۔