لیبیا اور اردن دونوں نے واقعے کی تصدیق کر دی
تریپولی ۔ 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا میں اردن کے سفیر کو نقاب پوش مسلح افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ لیبیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق اغوا کاروں نے سفیر فواز آیتان کی گاڑی پر حملہ کر کے ڈرائیور کو نشانہ بنایا اور سفیر کواغوا کر کے لے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ لیبیا میں لاقانونیت کی کارروائیاں 2011 سے جاری ہیں۔ پچھلے سال لیبیا کے وزیر اعظم علی زیدان کو بھی اغوا کر لیا گیا تھا، تاہم چند گھنٹوں کے بعد وزیراعظم کو چھوڑ دیا گیا تھا۔ اب منگل کی صبح اردنی سفیر کو اغوا کیا گیا ہے۔ اغوا کار دو عام گاڑیوں پر سوار تھے، اس کارروائی میں زخمی ہونے والے سفیر کے ڈرائیور کو ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف اردنی حکومت نے بھی اس واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔