طرابلس ، 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کی حکومت کے حامی مسلح افراد نے شمالی کوریا کے پرچم والے تیل بردار بحری جہاز پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ یہ جہاز میسوراتہ شہر کی بندرگاہ سے تیل لے کر جانے کی کوشش میں تھا کہ علاقائی ملیشیا نے اس پر قبضہ کر لیا۔ لیبیا کے انقلابی آپریشنز روم سے وابستہ عدیل الطرحونی نے میڈیا کو بتایا کہ جہاز کے کپتان نے پیر کی رات خود کو ملیشیا کے حوالے کر دیا۔ اس سلسلے میں آپریشن دو دن جاری رہا اور اب اس جہاز کو سرکاری بحری جہاز اور دوسری کشتیوں نے محاصرے میں لے لیا ہے۔ واضح رہے السدرہ لیبیا کا تیل کی برآمد کے حوالے سے ایک اہم ٹرمینل ہے۔ اس ٹرمینل کو مشرقی ملیشیا نے کئی ماہ پہلے قبضے میں لے لیا تھا۔ یہ گروپ زیادہ علاقائی خود مختاری کا حامی ہے۔ اس گروپ سے وابستہ عیصام الجہانی نے تیل بردار جہاز پر کنٹرول کر کے حکومتی ملیشیا کے دعوے کی تردید کی ہے اور حکومتی ملیشیا کے کچھ ارکان کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔