لیاپ ٹاپ پر امتناع سے دوبئی کے 1.1 ملین مسافرین متاثر

دوبئی۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دوبئی انٹرنیشنل ایرپورٹ اور اس کی سرکاری ایرلائینز ایمائیریٹس نے امریکہ کے لئے اپنی راست پروازوں کے دوران مسافروں کو اپنے سامان میں لیاپ ٹاپ اور ٹیبلیٹس لے جانے پر امتناع عائد کردیا ہے جبکہ مارچ کے اواخر کو یہاں سال کا مصروف ترین ویک اینڈ قرار دیا جاتا ہے جہاں طیاروں میں نشست کی دستیابی کم و بیش ناممکن ہوجاتی ہے۔ دریں اثناء دوبئی ایرپورٹ کے سینئر نائب صدر مواصلات انیتا مہرہ نے کہا کہ دوبئی کے مصروف ترین انٹرنیشنل ایرپورٹ سے تقریباً 1.1 ملین افراد ہوکر گزرتے ہیں کیونکہ اس وقت یو اے ای اسپرنگ بریک بھی منایا جاتا ہے۔ جمعہ سے پیر تک ہر روز 260,000 مسافرین کی یہاں سے گزرنے کی توقع تھی۔ یاد رہے کہ امریکہ نے 8 ممالک سے راست طور پر امریکہ آنے والے طیاروں کے مسافروں کو اپنے ساتھ اسمارٹ فون سے بڑی سائز کی کسی بھی الیکٹرانک اشیاء کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں دی ہے ، البتہ امریکی حکام نے یہ نہیں بتایا کہ اس امتناع کی مدت کیا ہوگی تاہم ایمائیریٹس کے ایک بیان کے مطابق 14 اکتوبر تک امتناع برقرار رکھا جاسکتا ہے۔