لیون (میکسیکو) /2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس اسٹار لیانڈر پیز نے رواں سیزن میں اپنا پہلا ٹائیٹل جیت لیا ۔ کینیڈا کے عادل شمس الدین کے ساتھ کھیلتے ہوئے پیز نے لیون چیلنجر ٹور ٹینس ٹورنمنٹ کی مینس ڈبلز ٹروفی جیت لی ۔ پیز اور شمس الدین نے لوکا مارگارولی (سوئزرلینڈ) اور کارزمپی ایری (برازیل) کو 75000 امریکی ڈالر مالیتی انعام کے خطاب مقابلے میں 6-1, 6-4 سے شکست دی ۔ اس فتح کے ساتھ پیز نے اے ٹی پی چیلنجر ٹائیٹل پر 20 ویں مرتبہ قبضہ کیا ہے ۔ پیز گزشتہ 26 سال سے ہر سال کم سے کم ایک خطابی مقابلہ اپنے نام کرتے رہے ہیں ۔ رواں سال پیز کا یہ پہلا فائینل تھا ۔ قبل ازیں وہ ڈیل اے بیچ اوپن اور دبئی اوپن چمپئین شپس کے سیمی فائینلس تک پہونچ سکے تھے ۔ انہوں نے اے ٹی پی ورلڈ ٹور کا آخری خطابی مقابلہ 2015 ء میں جیتا تھا ۔ جب انہیں جنوبی افریقہ کے رالزن کلاسین کے ساتھ آکلینڈ میں فتح حاصل ہوئی تھی ۔ پیز نے راڈک اسیٹپانگ کے ساتھ یو ایس اوپن کے منس ڈبلز میں آخری سلامی مقابلہ جیتا تھا ۔ مکسڈ ڈبلز میں بھی وہ ہنوز ایک طاقتور کھلاڑی ہیں ۔ 2015 ء کے دوران مارٹینا ہنگس کے ساتھ تین خطاب جیت چکے ہیں اور گزشتہ فرینچ اوپن میں پھر بھی فتح حاصل کرچکے ہیں ۔