لکھنو میں رام دیو کے پروگرامس پر امتناع

لکھنو۔27اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) یوگا گرو رام دیو کو راہول گاندھی کے خلاف متنازعہ ’’ہنی مون ‘‘ ریمارک کی بناء مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔ آج حکام نے لکھنو میں اُن کے تمام پروگرامس پر امتناع عائد کردیا‘ جب کہ کانگریس نے اُن کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔ رام دیو کے خلاف ایک دن قبل لکھنو اور سون بھدرا میں ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے ۔ ان کے ریمارک پر کانگریس ‘ بی ایس پی اور دیگر جماعتوں نے شدید تنقید کرتے ہوئے اسے ’’ مخالف دلت‘‘ قرار دیا ۔ حالانکہ رام دیو نے بعدازاں معذرت خواہی کرلی تھی۔ سینئر عہدیدار نے بتایا کہ لکھنو میں رام دیو کے تمام پروگرامس پر امتناع عائد کیا جارہا ہے ۔ ضلع انتظامیہ نے رام دیو کے اس حلف نامہ کا جائزہ لیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کی تنظیم کی جانب سے یوگا پروگرامس منعقد کئے جائیں گے ۔